پریس ریلیز مورخہ ۲۹ فروری ۲۰۲۰
مورخہ 28 فروری 2020 کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کو احتجاج کا جمہوری حق استعمال کرنے پر جامعہ ہذا سے غیر قانونی طور پر برطرف کر دیا ہے۔ آل پاکستان ٹینیور ٹریک فیکلٹی ایسوسی ایشن (ایپٹا) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ کے اس آمرانہ اقدام پر شدید مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ فی الفور پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کو ان کے عہدے پہ بحال کیا جائے۔
اس انتہائی تشویشناک صورتحال پر غور و غوض کے لیے ایپٹا کا ہنگامی اجلاس پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کی فی الفور بحالی کے یک نکاتی ایجنڈے پر بلایا گیا۔ اس مذکورہ اجلاس میں دوسرے شہروں سے متعلقہ اراکین نے اسکائپ کے ذریعے شرکت کی۔ اراکین کونسل نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ اس مشکل وقت میں ہم بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایپٹا کے کونسل ممبران نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جامعات کی انتظامیہ کی آمرانہ اقدامات کے خلاف مشترکہ جدوجہد کو منظم کرنے کی طرف بھی توجہ دی جائے۔ ایپٹا، فیپواسا اور اسلام آباد، راولپنڈی کی جامعات کی ایسوسی ایشنز کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی بھی تجویز کو ایپٹا کونسل نے اتفاق رائے سے منظور کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایپٹا کے کونسل ممبران نے صدر ڈاکٹر خرم شہزاد احمد (جامعہ فاطمہ جناح) ، نائب صدر ڈاکٹر ریحانہ کوثر( جامعہ لاہور کالج برائے خواتین)، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قاضی محمد ضیغم ضیاء (جامعہ کامسیٹس)، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر رائے محمد امیر (بارانی یونیورسٹی ) اور اسلام آباد کی ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر شائستہ شہزادہ (بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی) پہ مشتمل ایک کمیٹی کی بھی منظوری دی جو باقی جامعات کی ایسوسی ایشنز سے مذاکرات کرے تاآنکہ ایک بھرپور مشترکہ جدوجہد کے لیے راہ ہموار کی جا سکے۔ ایپٹا کے اراکینِ کونسل نے صدر ڈاکٹر خرم شہزاد احمد کو بدلتی صورتحال کے پیش نظر مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کا اختیار بھی دے دیا ہے۔
اس موقع پر ایپٹا کونسل عزت مآب صدرِ مملکت جناب عارف علوی صاحب، وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان صاحب، وزیر تعلیم جناب شفقت محمود صاحب اور دیگر ارباب اختیار سے درخواست کرتی ہے کہ ملک بھر کی تمام جامعات میں انتظامیہ کے منفی اور استحصالی ہتھکنڈوں کا نوٹس لیں اور بالخصوص ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کی بحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ایپٹا کے تمام اراکین سے گزارش ہے کہ وہ ایپٹا نمائندگان سے مکمل رابطے میں رہیں۔